109

سندھ یونیورسٹی اور تمام کیمپس میں عمارتوں کے نام اردو سے بدل کر سندھی اور انگریزی میں لکھنے کا فیصلہ

جامشورو : سندھ یونیورسٹی اور تمام کیمپس میں سائن بورڈز اور عمارتوں کے نام اردو سے بدل کر سندھی اور انگریزی میں لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مطلع کیا گیا ہے کہ سندھ یونیورسٹی جامشورو اور اس کے تمام کیمپس میں سائن بورڈز اور عمارتوں کے نام اردو کے بجائے سندھ اور انگریزی میں تحریر کئے جائیں، تمام متعلقہ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے فوری اقدامات کریں۔وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعلیم افراد کی اکثریت سندھی زبان سمجھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عمارتوں کے نام اردو کے ساتھ ساتھ سندھی میں بھی لکھے جائیں جبکہ نوٹیفکیشن میں صرف سندھی میں لکھنے کی ہدایت ہے۔

رجسٹرار سندھ یونیورسٹی عبدالقیوم میمن کا کہنا ہے کہ طلبہ کو اردو زبان سمجھنے میں مشکل پیش آتی ہے اس لئے، سندھی اور انگریزی زبانوں میں دستاویز کی تیاری کا کام جاری ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام نوٹسز سندھی اور انگریزی زبان میں نکالے جائیں گے، نوٹس بورڈ پر بھی اردو کے بجائے سندھی اور انگریزی زبان استعمال ہوگی۔