92

خواجہ آصف نے اپنی نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنی نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ غیر ارادی طور پر اکاو¿نٹ ظاہر کرنے میں ناکام رہے، بینک اکاؤنٹ میں کل رقم کا اعشاریہ پانچ فیصد بھی موجود نہیں ہے اس لیے قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کی جائے. مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی جانب سے اپنی نااہلی کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے . خواجہ آصف نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ وہ غیر ارادی طور پر اکاؤنٹ ظاہر کرنے میں ناکام رہے، بینک اکاؤنٹ میں کل رقم کااعشاریہ 5 فیصد بھی موجود نہیں ہے.

انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تاحیات نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن ختم کیا جائے. خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کچھ روز پہلے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر خواجہ آصف کو تاحیات نا اہل قرار دیا تھا. اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر خواجہ آصف کے خلاف فیصلہ دیا تھا. ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد خواجہ آصف نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا .