44

مراد علی شاہ نے شہبازشریف کو وائسرائے قرار دیدیا

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ن لیگی صدر شہبازشریف کو وائسرائے قرار دیدیا اور کہا ہے کہ سندھ کو کسی وائسرائے کی ضرورت نہیں ،عام انتخابات کے آتے ہی انہیں سندھ کی یاد ستانے لگی ہے۔
شہبازشریف کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ ن لیگ نے سندھ کو ایک ہی ادھورا اور نامکمل گرین لائن منصوبہ دیا ،جس کی تاخیر کی ذمہ دار بھی وہ خود ہے ان کا کہناتھاکہ تین سال میں پانی کی فراہمی کا دعوی کرنے والے شہباز شریف ہی کی حکومت نے سی سی آئی اجلاس میں کراچی کوپانی دینے سےانکارکیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، وفاق نےفنڈز روکے جس سے سندھ وسائل کمی کا شکار رہا
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی میں ن لیگ کی حکومت نے اپنےدورمیں کیوں نہیں حصہ ڈالا؟ طویل لوڈ شیڈنگ نے سندھ کی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ ان کا کہناتھاکہ سندھ میں عدم دلچسپی ن لیگ کی صوبے سے دشمنی کا واضح ثبوت ہے،پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا وعدہ کرنے والی ن لیگ نےمعیشت کی دھجیاں اڑائیں۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈالرکےمقابلےمیں روپےکی حیثیت میںن لیگ کی کمزورمعاشی پالیسی واضح نظرآتی ہے، آپ نےتو کراچی کی صنعت کا پہیہ جام کرنے کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ بھی کرائی، ہم نے لڑ جھگڑ کر کراچی کی صنعتوں کوگیس دلوائی۔